پاکستان نے لڑاکا جنگی طیارے جے ایف17 نائیجیریا کے حوالے کردیا

پاک فضائیہ نے 3 لڑاکا طیارے نائجیریا کے حوالے کیے

پاک فضائیہ کی جانب سے جدید ترین لڑاکا طیارے جے ایف 17 نائیجرین فضائیہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے 03 جے ایف-17 تھنڈر طیارے نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے کئے۔

تقریب میں نائیجیریا کے وزیر دفاع میجر جنرل (ریٹائرڈ) بشیر مگاشی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

نائب سربراہ پاک فضائیہ ایئر مارشل سید نعمان علی کو تقریب میں شرکت کیلئے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔

تقریب سے خطاب میں وزیر دفاع نائیجیریا نے پاک فضائیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے نائیجیرین فضائیہ کی صلاحیتوں کو بڑھانے، دو طرفہ تعاون اور شراکت داری کے لئے پاکستان اور پاک فضائیہ کے ممنون ہیں۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ سے حاصل کیے گئے جے ایف-17 لڑاکا طیاروں کی نائیجیرین فضائیہ میں شمولیت پر بے حد خوش اور پرجوش ہیں۔

اس موقع پر نائب سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ یہ تقریب نائیجیریا اور پاکستان کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ دونوں برادر ممالک مضبوط فوجی تعاون اور باہمی اعتماد کی تاریخی وابستگی رکھتے ہیں۔

ایئر مارشل سید نعمان علی کا کہنا تھا کہ جے ایف-17 جیسے جدید لڑاکا طیارے کی شمولیت سے نائیجیرین فضائیہ کو حربی فوقیت ملے گی۔ منفرد جنگی صلاحیتوں کے حامل فائٹر طیاروں کی یہ کھیپ نائیجیریا کی فضائی سرحدوں کے دفاع میں ایک مضبوط پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ پاک فضائیہ اور پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ مستقبل میں بھی نائیجیرین فضائیہ کی تمام ضروریات کو پورا کرنے میں معاون رہیں گے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس نے کوویڈ 19 وباء سے درپیش چیلنجز کے باوجود طے شدہ شیڈول کے مطابق طیارے نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے کیے۔

متعلقہ خبریں