پاکستان چھوڑنے کے بعد بھی یہودی مخالف حملے جاری ہیں: جمائما کا ردعمل

منگل 20 جولائی 2021 9:17

جمائما گولڈ سمتھ نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’مریم نواز نے کہا ہے کہ میرے بچے ’یہودیوں کی گود میں پلے ہیں۔‘(فوٹو، عرب نیوز)

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے کہا ہے کہ’میں نے ایک دہائی تک میڈیا اور سیاست دانوں کی طرف سے یہود دشمنی پر مبنی حملوں (جن میں قتل کی دھمکیاں اور میرے گھر سامنے مظاہرے شامل تھے) کے بعد 2004 میں پاکستان چھوڑ دیا تھا لیکن حملوں کا یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔‘
جمائما گولڈ سمتھ نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’مریم نواز شریف نے آج اعلان کیا ہے کہ میرے بچے ’یہودیوں کی گود میں پلے ہیں۔‘
مزید پڑھیں
خیال رہے کہ جمائما کا یہ بیان مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم نواز کی پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں الیکشن مہم کے دوران کی گئی ایک تقریر کے بعض جملوں کے ردعمل میں سامنے آیا ہے۔ مریم نواز شریف عمران خان کی جانب سے ان کے بیٹے پر کی گئی تنقید کا جواب دے رہیں تھیں۔  

مریم نواز نے پیر کے روز پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع حویلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ’عمران خان کہتا ہے کہ وہ نواسہ (جنید) باہر جا کر پولو کھیل رہا ہے۔ وہ کہتا ہے اس کے پاس پولو کے پیسے کہاں سے آئے ہیں۔ میں بچوں تک نہیں جانا چاہتی تھی، لیکن جیسی بات کرو گے اب منہ توڑ جواب ملے گا۔ ‘
مریم نواز نے مزید کہا کہ ’وہ (جنید) نواز شریف کا نواسہ ہے، گولڈ سمتھ کا نواسہ نہیں ہے۔ وہ یہودیوں کی گود میں نہیں پل رہا۔‘