پاکستان کسی کےدباؤمیں آکرچين سےتعلقات خراب نہيں کریگا،عمران

امریکا نے کواڈ نامی اتحاد بنایا ہے،بھارت بھی شامل

وزیراعظم عمران خان نے واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسی کے دباؤ میں آکر اپنے دیرینہ دوست چین کیساتھ اپنے تعلقات کو کم نہیں کرے گا۔

چینی میڈیا کو دیئے گئے اہم انٹرویو میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر چین سے تعلقات کم کرنے کا امریکی دباؤ غیر منصفانہ ہے۔ پاکستان جب بھی مشکل میں رہا، چین نے اس کا ساتھ دیا۔ پاکستانیوں کے دل میں چینی عوام کی بڑی عزت ہے، مشکل وقت میں ساتھ دینے والے یاد رہتے ہیں۔ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ پاکستان کسی کے دباؤ پر آ کر اپنے تعلقات خراب نہیں کرے گا۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ چاہے جتنا دباؤ امریکا ڈالے پاک چین تعلقات میں تبدیلی نہیں آئے گی۔ امریکا نے “کواڈ” نامی علاقائی اتحاد بنا کر معاملہ پیچیدہ کردیا ہے۔ بھارت کو بھی اسی اتحاد میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے لیکن مغربی طاقتوں کا پاکستان پر کسی ایک اتحاد کو چننے کیلئے دباؤ ڈالنا ٹھیک نہیں ہے۔

عمران خان کے مطابق تجارت کے ذریعے چین کیساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) پاکستان کا معاشی مستقبل ہے۔

متعلقہ خبریں