پاکستان کی زمین کسی مسلم ملک کےخلاف استعمال نہیں ہوگی،علی محمد

علی محمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کسی مسلم ملک کے خلاف پاکستان کی سرزمین استعمال نہ کرنے کا کہا ہے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی اجلاس میں پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب تک دنیا ہے تب تک کلمہ طیبہ رہے گا اور پاکستان زندہ رہے گا۔ قائد اعظم نے پاکستان کیلئے مدنی ریاست کا خواب دیکھا تھا اور یہ ملک صدا رہنے کیلئے بنا ہے۔ آئین، ختم نبوت، حرمت رسول ﷺ اور پاکستان پر ایک ہیں۔

علی محمد خان نے کہا کہ ہر بجٹ تقریر میں رونا روتا ہوں کہ سودی نظام سے نکلو۔ اس ایوان نے اسلامی سزاؤں کی اور خاتم النبین کی قرارداد پاس کی۔

 انھوں نے کہا کہ موٹرویز کا کریڈٹ میاں نوازشریف کو جاتا ہے اور ذوالفقار بھٹو کو قادیانیت کے خلاف کام کرنے کا کریڈٹ جاتا ہے،اگر بھٹو نے غریب کی زبان کو آواز دی تو عمران خان نوجوانوں کو سیاست میں لائے۔

علی محمد خان نے بتایا کہ عمران خان نے احتساب کا پیغام دیا اور اپنے ہی لوگوں کیخلاف احتساب شروع کرایا۔ احتساب کو کبھی کمپرومائز نہ کریں اپنی لیڈر شپ سے سوال کریں۔ احساس پروگرام کے ذریعے کوشش کررہے ہیں کہ مزدور کو کھانا مل سکے۔اس ملک نے ایدھی بھی پیدا کیا اور عرفہ کریم بھی پیدا کی۔اس ملک نے بے نظیر بھی پیدا کی۔

معاشی پالیسیوں پر ان کا کہنا تھا کہ اس پاکستان کو مضبوط کریں گے۔مہمند ڈیم کا کام شروع ہوچکا ہے اور یہ نہیں کہتے ہیں کہ یہ ہم نے کیا ہے،یہ ایک طویل منصوبہ ہے۔ یہ ڈیم پی ٹی آئی نہیں بلکہ پاکستان کے کھیت کو سیراب کرے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں پر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں