پاکستان کی سعودی عرب پر حوثیوں کے ڈرون حملوں کی سخت مذمت

پیر 21 جون 2021 10:47

بیان کے مطابق پاکستان ایک بار پھر برادر ملک سعودی عرب کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ سے پیر کی صبح جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے جنوبی علاقے پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کی سخت مذمت کی جاتی ہے۔
بیان کے مطابق ’یہ امر خوش آئند ہے کہ اتحادی افواج نے بارودی مواد سے لدے ڈرونز کو راستے میں ہی روک کر تباہ کرنے میں کامیابی حاصل کی۔‘
مزید پڑھیں
پاکستان نے کہا ہے کہ ان حملوں سے بے گناہ شہریوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں اور سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔ ’ہم ایسے حملوں کے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘
بیان کے مطابق پاکستان ایک بار پھر برادر ملک سعودی عرب کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور کسی بھی خطرے کے خلاف مملکت کی سکیورٹی اور علاقائی سالمیت کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔
خیال رہے کہ عرب اتحاد نے کہا تھا کہ ’سعودی ڈیفنس نے اتوار کی رات حوثیوں کا ایک اور حملہ ناکام بنایا ہے۔‘ عرب اتحاد کے مطابق جنوبی سعودی عرب کی طرف بھیجے جانے والا بارودی ڈرون تباہ کر دیا گیا‘۔
قبل ازیں سنیچر کو عرب اتحاد نے جنوبی سعودی عرب میں حوثیوں کی جانب سے بھیجے گئے 17 ڈرونز تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔