پاک افغان طورخم بارڈراسپتال میں رشوت لینے پرلیڈی ڈاکٹر کاتبادلہ

مریضوں سے رشوت لینے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی

پاک افغان طورخم  بارڈر کے اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر کی مبینہ رشوت لینے کی ویڈیو سامنے آنے پر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر کشمالہ اورکزئی سے چارج واپس لر کر اسلام آباد تبادلہ کر دیا گیا۔

وزارت صحت کے اعلامیہ کے مطابق لیڈی ڈاکٹر کو اسلام آباد ہیڈ کوارٹر میں او ایس ڈی کر دیا گیا جبکہ پشاور میں تعینات ڈاکٹر عمر عامر کو طورخم بارڈ پر انچارج مقرر کر دیا گیا۔

افغانستان کے مریضوں سے مبینہ رشوت وصولی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے نوٹس لیا تھا۔

وزیراعلیٰ نے وفاقی وزارت صحت کے متعلقہ حکام کو ڈاکٹر کے خلاف ایکشن لینے کی ہدایت کی تھی۔ وزیر اعلیٰ کے نوٹس پر ڈاکٹرکو ای اینڈ دی رولز کے تحت شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک افغانستان سے علاج کی غرض سے آنے والے  ہمارے مہمان ہیں اور علاج کی غرض سے آنے والے افغان مریضوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ افغان بھائیوں بہنوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک کسی صورت برداشت نہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ الزام ثابت ہونے پر ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ خبریں