پاک افغان طورخم بارڈر ہرقسم کی آمدو رفت کیلئے بند

پاک افغان طورخم سرحد کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشےکے پیش نظرغیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا۔
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ کرونا وبا کےحوالے سے این سی او سی کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق طورخم بارڈر کو آج 6 جولائی سے ہر طرح کی آمدورفت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر طورخم امیگریشن مرکز ہر طرح کی آمدورفت کے لیے تب تک بند رہے گا جب تک این سی او سی کی طرف سے نئی ہدایات وزارت داخلہ کو موصول نہیں ہوتیں۔
دریں اثناء بارڈر حکام کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر طورخم بارڈر آج سے ہرقسم کی امیگریشن اور آمدورفت کے لیے بند رہے گا اور آج کے بعد کسی کو بھی بارڈر کراس کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مقامی صحافیوں کا کہنا ہے کہ حکام نے بارڈر کے دونوں طرف موجود شہریوں کو آج رات 12 بجے تک اپنے اپنے ممالک جانے کا وقت دیا ہے جس کے بعد کسی کو بارڈر کراس کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

متعلقہ خبریں