پشاور زلمی کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی

ہفتہ 27 فروری 2021 13:48

ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 196 رنز کا ہدف دیا (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں آج سنیچر کا دوسرا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیاں کھیلا جارہا ہے۔ 
اب سے کچھ دیر قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے 11 اوورز کے اختتام پر 86 رنز بنائے ہیں جبکہ اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہیں۔ اس وقت حسین طلعت اور افتخار احمد کریز پر موجود ہیں۔ 
آؤٹ ہونے والے کھلاڑی پال سٹرلنگ صرف ایک سکور بنانے کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
فل سالٹ 9 رنز بنانے کے بعد ثاقب محمود کی بال پر بولڈ ہو گئے۔ فہیم اشرف بھی ٹیم کے مجموعی سکور میں صرف دو رنز کا اضافہ کرسکے اور عمید آصف کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

 

مزید پڑھیں
شاداب خان صرف 6 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ ایلکس ہیلز نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 رنز بنائے، ثاقب محمود کی گیند پر امام الحق نے ان کا کیچ لیا۔
اس سے قبل اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ 

کراچی کنگز کی ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست

اس قبل کھیلے گئے آج کے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 196 کا ہدف دیا تھا اور کراچی کنگز کے بلے بازوں نے اسے 18.5 اوورز میں پورا کر لیا۔
کپتان بابر اعظم نے 60 گیندوں 90 رنز بنا کر جیت کو یقینی بنایا۔
کارچی کنگز کے اوپنر شرجیل خان نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن وہ شاہنواز دہانی کا شکار بن کر پویلین لوٹ گئے۔ جو کلارک نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 26 گیندوں پر 54 بنائے لیکن وہ بھی شاہنواز کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔
انگرام ابھی سنبھل نہ پائے تھے کہ انہیں سہیل خان نے آؤٹ کر دیا۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 196 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 195 رنز بنائے اوراس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور کرس لین نے اننگز کا آغاز کیا۔ کرس لین 32 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم نے ان کا کیچ لیا۔
محمد رضوان نے ایک بار پھر ذمہ داری سے بلے بازی کرتے ہوتے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد نبی نے ارشد اقبال کی گیند پر ان کا کیچ لیا۔
جیمز ونس 45 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے، ارشد اقبال کی بال پر انگرام نے ان کا کیچ لیا۔ روسو صرف سات رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، انہیں ڈینیئل کرسچیئن نے بولڈ کیا۔
خوش دل شاہ کو صرف 6 کے انفرادی سکور پر وقاص مقصود نے بولڈ کر دیا۔ شاہد آفریدی صرف تین رنز بنا سکے، محمد عامر کی بال پر محمد نبی نے ان کا کیچ لیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال نے دو جبکہ عماد وسیم اور ڈینیئل کرسچیئن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔