کرونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران سنگين صورتحال کے پیش نظر محکمہ اوقاف نے پنجاب بھر کی مساجد ميں اعتکاف پر پابندی لگادی۔
رمضان المبارک کے آخری عشرے میں دنیا بھر کے مسلمان مساجد میں اعتکاف کیلئے جمع ہوتے ہیں، اس دوران خصوصی عبادات اور دعاؤں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران تواتر سے کیسز اور اموات میں اضافے کے پیش نظر محکمہ اوقاف پنجاب نے صوبہ بھر کی مساجد میں اعتکاف پر پابندی لگادی ہے۔
مزید جانیے: یومِ علیؓ کے جلوسوں کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ
محکمہ اوقاف کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب بھر کی مساجد میں اعتکاف پر پابندی ہوگی، یہ فیصلہ کرونا کی سنگین صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 21 رمضان المبارک کو حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے یوم شہادت کے موقع پر ہر قسم کے جلوس پر پابندی عائد کردی ہے، اس موقع پر صرف امام بارگاہوں میں مجالس کی اجازت ہوگی تاہم اس میں بھی محدود تعداد میں لوگ شریک ہوسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں اندرون ملک فلائٹ آپریشن محدود کردیاگیا
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ مزید 146 مریض انتقال کر گئے۔
پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے متاثرہ 90 مریض زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 2 ہزار 68 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں، صوبہ بھر میں اب تک مجموعی طور پر 8 ہزار 500 مریض انتقال کر چکے ہیں، فعال کیسز کی تعداد 47 ہزار 632 ہے۔
متعلقہ خبریں