پنجاب میں قومی اسمبلی جیسی صورتحال پیدانہیں ہوگی، محمود الرشید

Mahmood Ur Rasheed

فوٹو: ریڈیو پاکستان

پنجاب کے وزیر میاں محمد الرشید نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی اسمبلی میں قومی اسمبلی جیسی صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزير ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں جو ہوا افسوسناک ہے اسکی مذمت کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز بات کريں تو مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

محمود الرشید نے کہا کہ ہماری مائیکرو اکنامکس بڑی تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے اور جتنا ٹیکس اس بار اکٹھا ہوا تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔ بڑا سوچ سمجھ کے وفاق اور بجٹ کے اندر ٹیکسز کو کم کیا، پنجاب کے اندر بھی کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جرات و بے باکی کے ساتھ عالمی طاقتوں کو اس ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کا کہا۔ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بجٹ 22-2021 سے متعلق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تقریر کے دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان جھگڑا ہوگیا تھا جس پر دونوں طرف سے ایک دوسرے پر بجٹ کاپیاں پھینکی گئیں۔

ایوان میں ہنگامہ آرائی کے دوران پی ٹی آئی رکن اسمبلی ملیکہ بخاری اور سیکیورٹی اہل کار زخمی ہوگیا۔