حکومت پنجاب نے کورونا ویکسینیشن نہ کروانے والوں کی موبائل سمز بلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعرات کو پنجاب حکومت کی جانب سے بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں متعدد فیصلے کیے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ویکسینیشن نہ کروانے والے افراد کا موبائل سم کارڈ بلاک کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا۔
12 جون سے صوبہ بھر میں 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی واک اِن ویکسینیشن کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے کیے جانے والے فیصلوں کے مطابق پنجاب کے تمام مزارات کے باہر موبائل ویکسینیشن کیمپ لگائے جائیں گے۔
مزید پڑھیں
اسی طرح 20 فیصد آبادی کی ویکسینیشن کروانے والے اضلاع میں کاروبار مکمل طور پر کھول دیے جائیں گے۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، ڈی جی پی آر سمیت صحت اور اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔
سیکریٹریز نے کورونا سے بچاؤ کے لیے ہونے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد میں واضح کمی ہوئی ہے۔

اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے مطابق تمام مزارات کے باہر موبائل ویکسینیشن کیمپ لگائے جائیں گے (فوٹو: اے ایف پی)