پنجاب یونیورسٹی سے کچھ روز قبل شراب کی بوتلیں برآمد ہونے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔
قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
قرارداد کے متن کے مطابق ایوان یونیورسٹی سے شراب کی بوتلیں برآمد ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے جس سے والدین میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
متن میں کہا گیا کہ تعلیمی درسگاہوں میں نشہ آور اشیاء کا استعمال تشویشناک حد تک بڑھ رہا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پنجاب یونیورسٹی سے شراب برآمد ہونے کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیا جائے۔
پنجاب یونیورسٹی کے دروزے پر شراب کی 20بوتلیں پکڑی گئیں
واضح رہے کہ 22جون کو پنجاب یونیورسٹی کے گیٹ سے شراب کی 20 بوتليں پکڑی گئی تھیں جس پر انتظاميہ نے شراب منگوانے والے طلباء کے خلاف ایف آئی آر کی درخواست دی تھی۔
سیکیورٹی گارڈز کے مطابق ایک نامعلوم شخص نے یونیورسٹی میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ ایک پارسل دینے آیا ہے لیکن جب انتظامیہ نے پیکیٹ چیک کیا تو اس میں سے شراب کی بوتلیں نکلیں۔
ترجمان پی یو کا کہنا تھا کہ شراب کی بوتلیں لانے والے شخص کو پکڑ لیا گیا ہے، ہمیں شبہ ہے کہ یہ شراب اسٹوڈنٹس یونین کے سربراہ نے منگوائی ہے۔
متعلقہ خبریں