پینٹاگون نے مائیکروسافٹ کے ساتھ 10 ارب ڈالر کا معاہدہ ختم کیوں کیا؟

بدھ 7 جولائی 2021 7:28

پینٹاگون کا کہنا ہے کہ موجودہ معاہدہ ضروریات کو پورا نہیں کر رہا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پینٹاگون نے مائیکروسافٹ کے ساتھ کلاؤڈ کمپیوٹنگ کا 10 ارب ڈالر مالیت کا ایک بڑا معاہدہ ختم کر دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پینٹاگون سیاسی تعصب کے الزامات کی بنیاد پر ایمیزون اور مائیکروسافٹ کے درمیان تلخی کی وجہ سے ایک طرف ہوا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جوائنٹ انٹرپرائز ڈیفنس انفراسٹرکچر کا معاہدہ منسوخ کر دیا گیا ہے کیونکہ یہ اب موجودہ ضروریات کو پورا نہیں کرتا اور ایک نئے ’ملٹی کلاؤڈ، ملٹی وینڈر‘ کمپیوٹنگ معاہدے کے لیے کام شروع کر دے گا۔
مزید پڑھیں
2019  کے آخر میں مائیکروسافٹ نے یہ معاہدہ حاصل کیا تھا۔ ایمیزون نے اس وقت کہا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتقامی سیاست نتیجے پر اثر انداز ہوئی ہو۔
حکام کا کہنا ہے کہ حکومت اس معاہدے کو آگے بڑھانے کی بجائے ایک نئی جدید ترین ٹیکنالوجی حاصل کرے گی۔
امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان جان شیرمین ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ جے ای ڈی آئی کو اس وقت تیار گیا تھا جب محکمے کی ضروریات مختلف تھیں، اب ہم ایک سے زیادہ کلاؤڈ کمپیوٹنگ چاہتے ہیں۔
محکمہ دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پینٹاگون ایک نئے معاہدے کے لیے ایمیزون اور مائیکروسافٹ سے تجاویز طلب کرے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت صرف یہ دونوں ادارے ایسے ہیں جو محکمے کی ضروریات پورا کرنے کے اہل ہیں۔
جے ای ڈی آئی پروگرام 10 سال قبل ڈیزائن کیا گیا تھا۔ اس پروگرام کے تحت تمام فوجی محکموں کی معلومات ایک کلاؤڈ بیسڈ سسٹم پر شیئر ہوتی تھی۔
ایمیزون نے الزام عائد کیا تھا کہ کمپنی اور اور اس کے چیف ایگزیکٹو کے خلاف ٹرمپ کی انتقامی سیاست کی وجہ سے اس کو معاہدے سے نکالا گیا۔
ایمیزون کو جے ای ڈی آئی ٹیکنالوجی کے لیے اہم سمجھا جا رہا تھا۔ ایمیزون کی ویب سروسز کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے فیلڈ میں آگے ہیں اور کمپنی پہلے ہی سے سی آئی اے سمیت دیگر حکومتی اداروں کو سرورز مہیا کر رہی ہے۔
امریکہ میں مائیکروسافٹ کے صدر ٹونی ٹونز وٹلے نے کہا ہے ان کی کمپنی فیصلے کو قبول کرتی ہے اور اس کا احترام کرتی ہے۔