پی ایس ایل فائنل: ملتان سلطانز کا پشاور زلمی کو 207 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ سلطانز نے چار وکٹیں کھو کر کامیابی کے لیے زلمی کو 207 رنز کا ہدف دیا ہے۔
 

ملتان سلطانز کے صہیب مقصود اور ریلے روسو نے نصف سنچریاں بنائیں (فوٹو: پی ایس ایل)
ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ 68 رنز پر گری جب شان مسعود 38 رنز کر آؤٹ ہوئے، ان کی وکٹ محمد عمران کے حصے میں آئی۔ اس سے قبل ملتان سلطانز کی اننگز کی نصف سنچری ساتویں اوور کی تیسری گیند پر مکمل ہوئی تھی۔
ملتان سلطانز کی دوسری وکٹ اس وقت گری جب کپتان محمد رضوان، زلمی کے نوجوان کھلاڑی محمد عمران کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل کو کیچ تھما بیٹھے۔
ریلے روسو نصف سنچری اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے تو اس مرتبہ بھی وکٹ ثمین گل کے نام ٹھہری۔ اگلی ہی گیند پر انہوں نے نئے آنے والے بیٹسمین چارلس کو بھی پویلین لوٹا دیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے پہلا اوور ثمین گل نے کرایا، ان کا سامنا شان مسعود نے کیا تاہم وہ پورے اوور میں کوئی سکور نہ کر سکے۔ فائنل مقابلے کی پہلی باؤنڈری دوسرے اوور میں لگی جب محمد رضوان نے محمد عرفان کی گیند پر چوکا مارا۔
اننگز کے چوتھے اور محمد عرفان کے دوسرے اوور میں فائنل کے پہلے چھکے کا اعزاز بھی ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کے حصے میں آیا۔
ابتدائی چار اوورز میں محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے ملتان سلطانز کے اوپنر شان مسعود نے اننگز کے پانچویں اوور میں ثمین گل کی ابتدائی دونوں اور پھر پانچویں گیند پر چوکے لگا کر جارحانہ انداز اپنایا۔
ابوظبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں محمد رضوان کی قیادت میں ملتان سلطانز پہلی مرتبہ جبکہ وہاب ریاض کی کپتانی میں پشاور زلمی دوسری بار ٹائٹل جیتنے کی کوشش کرے گی۔
پشاور زلمی نے چوتھی مرتبہ ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
ایونٹ کے پلے آف مرحلے میں دونوں ٹیموں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
مزید پڑھیں
پیر کے روز کھیلے گئے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 سے شکست دی جبکہ منگل کو دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 8 وکٹوں سے فتح سمیٹی۔
اگر پلے آف سے قبل کے میچز اور پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو ملتان سلطانز اسلام آباد یونائیٹڈ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پشاور زلمی کی تیسری پوزیشن ہے۔

ملتان سلطانز کی ابتدائی دونوں وکٹیں زلمی کے نوجوان بولر محمد عمران کے حصے میں آئیں (ویڈیو گریب)
ملتان سلطانز کی ٹیم نے 10 میچز میں سے پانچ میں فتح سمیٹی اور بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے بعد دوسرے نمبر پر رہی۔
پشاور زلمی کی ٹیم بھی 10 میچز کھیلنے کے بعد 10 پوائنٹس حاصل کر چکی ہے تاہم رن ریٹ کی بنیاد پر یہ ملتان سلطانز کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔

دونوں ٹیموں کے کپتان کیا کہتے ہیں؟

فائنل سے ایک روز قبل ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ’وہ آل آؤٹ جائیں گے اور میچ جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔‘

محمد رضوان ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں دوسرے نمبر پر ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کہتے ہیں کہ ’زلمی نے پورا ٹورنامنٹ ایک فیملی کی طرح کھیلی ہے، ہم ٹیم ورک اور جارحانہ کرکٹ پر یقین رکھتے ہیں اور فائنل بھی ایسے ہی کھیلیں گے۔‘
آج کے اس اہم ترین میچ کے حوالے سے تجزیہ کاروں کی بھی مِلی جُلی رائے ہے۔

میچ سے قبل پشاور زلمی کو دھچکہ

پاکستان سپر لیگ کا فائنل کھیلنے والی ٹیم پشاور زلمی کے دو کھلاڑیوں عمید آصف اور حیدر علی کو بائیو سکیور ببل کے پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر معطل کر دیا گیا ہے۔ اس کے بعد دونوں کھلاڑی آج جمعرات کو ہونے والے فائنل میچ کا حصہ نہیں ہوں گے۔