پی ایس ایل فائنل: ملتان کا پشاورکو جیت کیلئے207 رنزکا ہدف

پی ایس ایل 6 کے فائنل میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دے دیا۔

ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹںگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے اور پشاور زلمی کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دیا۔

صہیب مقصود نے 26 گیندوں پر برق رفتار نصف سنچری اسکور کی، اوپنر شان مسعود اور کپتان محمد رضوان بالترتیب 37 اور 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مڈل آرڈر بیٹسمین رلی روسو 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جانسن چارلس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، صہیب مقصود نے 65 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

پشاور زلمی کی جانب سے محمد عمران اور ثمین گل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

فائنل میں زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ملتان سلطانز کو بیٹںگ کی دعوت دی تھی۔

خیال رہے کہ پشاور زلمی نے چوتھی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے، پلے آف مرحلے میں دونوں ٹیمیں اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔

پہلے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 رنز سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 8 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی تھی۔

متعلقہ خبریں