پی ایس ایل 6: لاہور قلندرز کے سہیل اختر اور محمد حفیظ کی عمدہ بیٹنگ

اسلام آباد یونائیٹڈ کے 143 رنز کے جواب میں لاہور قلندرز نے میچ کی آخری گیند پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے اور فواد احمد کی گیند پر ایل بی ڈلیو ہوگئے۔ محمد حفیظ 29 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی بال پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ٹم ڈیوڈ 23 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ بین ڈنک نے 17 رنز بنائے۔ راشد خان نے پانچ گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنائے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور کپتان سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا۔
اوپنر فخر زمان صرف 9 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ محمد فیضان 9 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے۔ 
 
ااس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 143 رنز سکور کیے اور اس کے نو کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف نے سب سے زیادہ 27 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عثمان خواجہ نے پی ایس ایل میں ڈیبیو کیا۔ ان کے ساتھ اوپنر کولن منرو سات گیندوں پر 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد روحیل نذیر آٹھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان بھی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو سہارا نہ دے سکے (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)
آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی کپتان شاداب خان تھے۔ قلندرز کی جانب سے ابتدائی تینوں وکٹیں فالکنر نے حاصل کیں۔ عثمان خواجہ 18 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ 
آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی افتخار احمد تھے جنہوں نے 12 رنز بنائے۔ حسین طلعت 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ آصف علی آؤٹ ہونے والے ساتویں کھلاڑی تھے، وہ سات رنز بنانے کے بعد احمد دانیال کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
حسن علی آٹھویں کھلاڑی رہے جو پویلین لوٹے۔
بدھ کو ابوظبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
پی ایس ایل کے چھٹے سیزن میں اب تک 14 میچز کھیلے جا چکے ہیں جبکہ فائنل سمیت 20 میچز باقی ہیں۔
مزید پڑھیں
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز رواں سال مارچ میں اس وقت مؤخر کر دیے گئے تھے جب کھلاڑیوں اور سپورٹنگ سٹاف میں کورونا کے کیسز سامنے آئے تھے اور لیگ کو دوبارہ ملک کے اندر شروع کرنے کی کوششوں کو وبا کی تیسری لہر میں شدت کے باعث ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں کھیلے جانے والے بقیہ میچز کے دوران کھلاڑیوں کو تماشائیوں سے خالی سٹیڈیم اور شدید گرمی کا بھی مقابلہ کرنا ہوگا۔
ابوظبی میں شروع ہونے والے کورونا سے متاثرہ ٹی 20 میچز کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔
لیگ کے میچز کے دوران کھلاڑی فیلڈ میں برف والی جیکٹس (آئس ویسٹس) پہنیں گے جبکہ بولرز سے کہا گیا ہے کہ گرمی کا مقابلہ کرنے کے لیے قدرتی ٹھنڈک والے ناریل کے پانی (کوکونٹ واٹر) کا استعمال کریں۔