پی ایس ایل 6: ملتان سلطانز کا پراعتماد آغاز، شان مسعود کی نصف سنچری

بدھ 16 جون 2021 18:47

گلیڈی ایٹرز اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخر میں موجود ہیں (فوٹو: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز)

پاکستان سپر لیگ سیزن سکس میں آج ابو ظبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ جاری ہے۔
اب سے کچھ دیر قبل تک ملتان سلطانز نے 10 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 88  رنز بنائے ہیں۔ اس وقت شان مسعود اور صہیب مقصود کریز پر موجود ہیں۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا یہ 25 واں میچ ہے۔
مزید پڑھیں
اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چار پوائنٹس کے ساتھ سب سے آخر میں ہے۔ گلیڈی ایٹرز اب تک کھیلے گئے آٹھ میں سے صرف دو میچوں میں کامیابی حاصل کر پائے ہیں۔
دوسری جانب ملتان سلطانز کی صورت حال بھی کچھ زیادہ اچھی نہیں ہے۔ چھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ٹیم نے اب تک سات میچز کھیلے جب کہ صرف تین میں کامیابی حاصل کر سکی ہے۔
آج کا میچ جیتنے کی صورت میں ملتان سلطانز کو دو قیمتی پوائنٹس ملیں گے جو اگرچہ پوائنٹس ٹیبل پر اس کی پوزیشن میں فوری فرق تو نہیں لائیں گے تاہم ٹورنامنٹ میں اسے دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کے مقابلے میں بہتر پوزیشن پر لے آئیں گے۔

کراچی کنگز نے پی ایس ایل سکس کے دوران اب تک آٹھ میچز کھیلے ہیں۔ ان میں سے تین کامیابیوں کے ساتھ اس کے بھی چھ پوائنٹس ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بدھ کے روز اعلان کیا گیا کہ ’ان کے اہم بلے باز فاف ڈوپلیسیس باقی ٹورنامنٹ نہیں کھیل سکیں گے۔‘

جنوبی افریقن کھلاڑی ابوظبی میں ٹورنامنٹ کا حالیہ مرحلہ شروع ہونے کے بعد زخمی ہو گئے تھے۔