پی ایس ایل 6: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی

جمعہ 11 جون 2021 19:02

محمد وسیم نے فاف ڈو پلیسی کو بولڈ کیا۔ (فوٹو: پی ایس ایل)

پاکستان سپر لیگ کے 18 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔
اب سے کچھ دیر قبل تک کوئٹہ نے 10 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز بنائے ہیں۔ اس وقت کریز پر جیک ویتھرالڈ اور اعظم خان موجود ہیں۔
مزید پڑھیں
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فاف ڈو پلیسی اور عثمان خان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صرف 23 رنز کے مجموعی سکور پر ڈوپلیسی پانچ رنز بنا کر محمد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ 
ان کے بعد عثمان خان بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور 14 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
آٹھویں اوور میں سرفراز احمد بھی اپنی ٹیم کو دھوکہ دے گئے اور محمد موسیٰ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
آج جمعے کو ابوظہبی میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس جیت کر اسلام آباد کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ’ٹرینڈ اور ہوا میں نمی کی وجہ سے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ آج فضا میں زیادہ نمی ہے اور پہلی اننگز میں گیند سوئنگ بھی زیادہ ہوتا ہے۔ اسے ہم پاور پلے میں کچھ وکٹیں حاصل کرنے میں استعمال کرنا چاہتے ہیں۔‘
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اچھی بولنگ اور فیلڈنگ کرنی ہوگی۔‘
پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ کا تیسرا نمبر ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آخری نمبر پر ہے۔
آج کے میچ میں دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ: کولن منرو، عثمان خواجہ، شاداب خان (کپتان)، حسین طلعت، افتخار احمد، آصف علی، محمد موسیٰ، روحیل نذیر، حسن علی، عاکف جاوید۔ محمد وسیم۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: فاف ڈو پلیسی، عثمان خان، جیک ویتھرالڈ، سرفراز احمد (کپتان)، اعظم خان، آندرے رسل، محمد نواز، جیک والڈرمتھ، محمد حسنین، خرم شہزاد، زاہد محمود۔