چاروں صوبےکےکچھ اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے اور بند رکھنے کا فیصلہ

فوٹو: گلف نیوز

چاروں صوبوں کے محکمہ تعلیم نے وفاقی وزارتِ تعلیم کی ہدایات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کرونا کیسز کی صورتحال کے مطابق کچھ اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے اور بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت بلوچستان نے کوئٹہ کےعلاوہ صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 24 مئی سے کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔ بلوچستان کے سیکرٹری تعلیم شیرخان بازئی نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے تحت اسکولوں میں کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کوئٹہ میں صوبے بھر کے مقابلے میں کرونا کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آرہے ہیں اس لیے یہاں ابھی تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

اس کےعلاوہ سیکریٹری سیکنڈری ایجوکیشن نے کہا ہے کہ تمام اسکول اساتذہ اور اسٹاف کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین جلد سے جلد لگوائیں۔ صرف ویکسین لگانے والے اساتذہ کی ڈیوٹی ایف اے اور ایف ایس سی کے امتحانات میں لگائی جائے گی۔

بلوچستان میں گرم علاقوں کے تمام تعلیمی ادارے یکم جون سے لے کر یکم  اگست تک گرمیوں کی چھٹیوں کی وجہ سے بند رینگے۔سرد اضلاع میں اس سال گرمیوں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

خیبرپختونخوا

اس کےعلاوہ محکمہ تعلیم خيبرپختونخوا نے بتایا ہے کہ صوبے کے 21 اضلاع ميں پیر سے تعليمی ادارے کھُليں گے۔ صوبے میں ميٹرک،انٹر اور يونيورسٹی کلاسز کا آغاز ہوگا۔ تاہم صوابی، مردان، نوشہرہ، چارسدہ ميں تعليمی ادارے بند رہيں گے۔

سندھ

سندھ کی صوبائی وزارتِ تعلیم نے نوٹی فیکیشن جاری کیا ہے کہ  صوبے کے 12 اضلاع ميں تعليمی ادارے 6 جون تک بند رہيں گے۔ وفاقی وزارت تعلیم نے سندھ حکومت کو بدین،دادو، حیدرآباد، جامشورو، نوابشاہ، سکھر سمیت کراچی کے تمام ڈسٹرکٹس کے اسکولز 6 جون تک بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ سندھ میں 24مئی سے18اضلاع ميں تعليمی ادارے کھلنے یا بند رکھنے کا فیصلہ آج سندھ ٹاسک فورس اجلاس کے بعد ہوگا۔

پنجاب

پنجاب ميں کرونا کیسزکے 5 فیصد سے کم شرح والے اضلاع میں اسکول 24 مئی سے کھلیں گے۔محکمہ اسکولز ایجوکیشن پنجاب کےنوٹيفکيشن کےمطابق چکوال، ننکانہ صاحب،بہاولنگر،منڈی بہاؤالدین میں 24 مئی سے اسکولز کھلیں گےجبکہ ساہیوال، شیخوپورہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، نارووال، جہلم، راجن پور، پاکپتن، وہاڑی،قصور، چینوٹ اور جھنگ میں بھی پیر سے اسکولز کھلیں گے۔پنجاب کے 16 اضلاع میں اسکولز 50 فیصد طلبا کےساتھ 4 روز کھلیں گے۔

پنجاب کے باقی اضلاع ميں اسکول کھولنے کا فيصلہ اين سی او سی کے اگلے اجلاس ميں ہوگا۔اجلاس کے بعد 5 فيصد سے کم شرح والے مزيد اضلاع ميں اسکول کھلنے کا فيصلہ متوقع ہے۔

جن اضلاع ميں اسکول بند رہيں گے ان میں لاہور،راول پنڈی، فيصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، گجرات شامل ہیں۔ ان کے علاوہ اٹک، ليہ، اوکاڑہ،بہاولپور، لودھراں،رحيم يارخان، بھکر، خانيوال ،مياںوالی ميں بھی اسکول بند رہيں گے۔ ٹوبہ ٹيک سنگھ، ڈيرہ غازی خان،خوشاب،ملتان ميں بھی  تعليمی ادارے بند رہيں گے۔

متعلقہ خبریں