چترال: سیاح کی فائرنگ سے مارخور شدید زخمی

چترال ٹاون کے نواحی علاقہ توشی کنزروینسی میں نامعلوم سیاح نے مارخورکو گولی مار کر شدید زخمی کردیا۔
چترال گرم چشمہ روڈ پر واقع توشی شاشا کنزروینسی میں ایک سیاح کی فائرنگ سے ایک 6 سالہ مادہ مارخور شدید زخمی ہوگئی تاہم سیاح وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

اطلاع ملنے پر محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمی مارخور کو دریا سے نکال کرویٹرنری اسپتال منتقل کردیا جہاں انکا علاج جاری ہے۔
اسپتال کے مطابق مارخور مادہ ہے اور سیاح کی اس حرکت سے اس مادہ کے 2 بچے بے آسرا ہوگئے ہیں۔
ڈی ایف او وائلڈ لائف نے نامعلوم ملزم کے خلاف تھانہ چترال میں ایف آئی آر کے لیے درخواست دائر کردی ہے جس کے بعد ملزم کی تلاش شروع کردی گئی۔
یادرہے کہ مذکورہ کنزروینسی میں ایک مارخور کی ٹرافی ہنٹنگ کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کا پرمٹ لیا جاتا ہے جبکہ اس زخمی مارخور کے مرنے کی صورت میں کمیونٹی اور محکمے کو ڈیڑھ کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔

متعلقہ خبریں