چراگاہ کاتنازعہ:خواتین پرتشدد،بچہ دنیا میں آنےسےپہلےقتل

گلگت بلتستان کے ضلع کھرمنگ میں چراگاہ کے تنازعے پر درجنوں افراد نے خواتین پر تشدد کیا جس سے 3 خواتین زخمی جبکہ ایک خاتون کا حمل بھی ضائع ہوگیا۔
کھرمنگ کے نواحی علاقے کتیشو اور مہدی آباد کے مکین چراگاہ کے معاملے پر آپس میں لڑپڑے تھے۔ اس موقع پر گھروں پر حملےاور خواتین پر بھی تشدد کیا گیا۔ اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
ویڈیو وائرل ہونے پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے واقعے کا نوٹس لے کر ڈی آئی جی بلتستان سے معاملے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ویڈیو میں کئی افراد کو ایک خاتون پر پتھراؤاور ڈنڈے سے حملہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ مقامی صحافیوں کے مطابق یہ ایک متنازع چراگاہ کے مسئلے پر گزشتہ روز مہدی آباد اور کتیشو کے عوام کے درمیان ہونے والی لڑائی کا ایک منظر ہے۔ حملہ آواروں کا مبینہ طور پر تعلق مہدی آباد سے بتایا جارہا ہے۔
دوسری جانب کتیشو کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ایک اور خاتون پر بھی مبینہ طور پر تشدد کیا گیا جس کے باعث ان کا حمل ضائع ہوگیا۔ خاتون ڈی ایچ کیو اسپتال اسکردو میں زیر علاج ہیں۔
متاثرہ خاتون کے سسر کا کہنا ہے کہ مخالف فریق نے کل ہمارے گھروں پر حملہ کیا تھا اور اس دوران خواتین پر بھی تشدد کیا جس میں ان کی حاملہ بہو بھی تھیں جن کا حمل تشدد سے ضائع ہوگیا۔
وزیراعلی نے متعلقہ حکام کو ہدایات دی ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کاروائی کرتے ہوئے فوری گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں۔
وزیراعلی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت گلگت بلتستان میں ہر شہری بالخصوص خواتین کے بہترین تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ڈی آئی جی بلتستان طفیل احمد نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ ویڈیو میں جو لوگ تشدد کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں ان کے خلاف پولیس کارروائی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے فوری اقدامات کے تحت متحارب قبائل کو کسی بڑے تصادم سے روک دیا ہے۔
طفیل احمد کا کہنا تھا کہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور قابل افسران کی زیرنگرانی تحقیقاتی کمیٹی بھی بنادی گئی ہے جو معاملے کی رپورٹ جلد پیش کریں گی۔
ڈی آئی جی بلتستان کا کہنا ہے کہ کل رات سے اب تک پولیس نے دونوں گروہوں کے تقریباً 80 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عموماً اس علاقے میں اس قسم کے واقعات بلکل نہیں ہوتے تاہم خواتین پر تشدد بہت افسوسناک ہے اور ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں