چین:مارشل آرٹ سینٹر میں آگ لگنےسے 18افراد ہلاک

فوٹو: ڈی ڈبلیو

چین کے ہینان صوبےمیں مارشل آرٹ کے ایک تربیتی مرکز میں آگ لگنے سےکم از کم 18 افراد ہلاک جبکہ 16سے زائد زخمی ہوگئے۔

چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق آتش زدگی کا یہ واقعہ رات 3 بجے کے قریب پیش آیا، آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ حکام نے اس واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

پولیس نےمارشل آرٹ سینٹر کےمالک کو حراست میں لے لیا ہے، مقامی حکام آگ لگنے کے اسباب کا پتہ لگارہے ہیں جبکہ 16 زخمیوں میں 4 افراد کی حالت نازک ہے۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے بیشتر بورڈنگ اسکول کے طلبہ تھے جن کی عمر 7 سے 16 برس کے درمیان تھی۔ دوسری جانب حکام نے مارشل آرٹ سینٹر کا نام نہیں بتایا ہے۔

چین میں بدترین آتش زدگی کے واقعات میں سے ایک لیویانگ شہر میں سن 2000 میں کرسمس کے روز ایک نائٹ کلب میں پیش آیا تھا۔ اس کلب میں آگ لگنے سے 309 افراد کی موت ہوگئی تھی۔

بیشتر لوگوں کی موت ڈانس ہال میں دھواں پھیل جانے کے بعد دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی تھی کیونکہ ہال سے نکلنے کےلیے صرف دو ایمرجنسی دروازے تھے اور وہاں آگ بجھانے کا کوئی سامان بھی موجود نہیں تھا۔