چین کے پہاڑوں میں میراتھن کے دوران خراب موسم کے باعث 20 افراد ہلاک

اتوار 23 مئی 2021 7:22

امدادی ٹیم ابتدائی طور پر 18 افراد کو بچانے میں کامیاب ہوئی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

چین میں ایک سو کلومیٹر کی دوڑ کے دوران اولوں، بارش اور تیز ہواؤں کی زد میں آ کر 20 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک شخص لاپتہ ہوا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین کے شہر بائی ین کے افسران نے اتوار کو ایک میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ ہلاکتیں یلو ریور سٹون فورسٹ میں اونچائی پر ہونے والی دوڑ کے دوران اچانک موسم خراب ہونے کے باعث ہوئیں۔
مزید پڑھیں
بائی ین شہر کے میئر ژانگ ژوچن کا کہنا تھا کہ دوڑ کے کچھ شرکا کی طرف سے مدد کا پیغام ملنے کے فوراً بعد میراتھن کی انتظامیہ نے امدادی ٹیم بھیجی جو 18 افراد کو بچانے میں کامیاب ہوگئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موسم مزید خراب ہونے کی وجہ سے دوڑ ختم کر دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ موسم کی اچانک خرابی کے باعث پیش آیا تاہم صوبائی حکام اس کی وجوہات پر مزید تحقیقات کریں گے۔ دوڑ کے دیگر آٹھ شرکا ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
سرکاری نیوز ایجنسی ژنہوا نے بتایا تھا کہ دوڑ کے کچھ شرکا کو موسم کی وجہ سے ہائپوتھرمیا ہوگیا تھا۔ 
ژنہوا کے مطابق پہاڑی علاقے میں درجہ حرارت رات کو مزید گر گیا تھا جس کی وجہ سے امدادی کارروائی ’مزید مشکل‘ ہوگئی۔
نیوز ایجنسی نے بتایا کہ چین کے رات تین بجے 151 شرکا کے محفوظ ہونے کی تصدیق ہوئی، اس دوڑ میں شرکا کی کل تعداد 172 تھی۔