ڈرامہ ‘رقص بسمل’ کا پوسٹر امریکی پینٹنگ کی نقالی نکلا

بالی ووڈ فلمسازتو ہالی ووڈ فلموں کے پوسٹر کاپی کرنے کے لئے بدنام ہیں ہی لیکن کس نے سوچا تھا کہ پاکستان ڈراما انڈسٹری میں” رقص بسمل ” کا آفیشل پوسٹر کسی امریکی پینٹنگ کا چربہ نکلے گا۔

ناظرین میں مقبول اس آن ائرڈرامے کا آفیشل پوسٹردیکھیں تو پگڑی کے ساتھ سفید لباس میں ملبوس موسیٰ (عمران اشرف ) اسٹول پربراحمان ہیں جبکہ زہرہ (سارہ خان ) نظریں نیچی کیے موسیٰ کے قدموں میں بیٹھی ہیں۔

پس منظر میں کھلے دروازے سے اینٹوں کی دیوار، درخت اور فاصلے پربنے مکانات دیکھے جاسکتے ہیں۔

یہ خیال دراصل امریکی آرٹسٹ گریگ اولسن کی پینٹنگ ” فورگون ” سے لیا گیا ہے جس کا اندراج فائن آرٹ امریکا ویب سائٹ پر 3 اکتوبر2012 کو کیا گیا تھا۔

فورگون اور رقص بسمل کے پوسٹرزکو غور سے دیکھیں توموسیٰ اور زہرہ کے انداز نشست کے ساتھ ساتھ پس منظرہوبہو کاپی کیا گیا ہے ، حتیٰ کے لباس کے رنگوں میں بھی مماثلت ہے۔

گریگ نے اپنی ویب سائٹ پراس پینٹنگ کی تفصیلات میں بتایا ہے کہ یہ کسی کی غلطیوں اور ناقص فیصلوں کے نتیجے میں پڑنے والے بوجھ، افسردگی اور نقصان کو بیان کرتی ہے۔ پینٹنگ میں خاتون کے لباس کا سُرخ رنگ انہی غلطیوں کی علامت ہے۔

آرٹسٹ کے مطابق ” ہمارے آنسوؤں کی وجہ کوئی بھی ہو، کوئی انہیں مٹا نے اور ہمیں اپنانے کا منتظر ہے”۔

ڈرامہ رقص بسمل ، شازیہ وجاہت اور مومنہ درید کی مشترکہ پروڈکشن ہے جس کی کاسٹ میں عمران اشرف کے علاوہ سارہ خان ، انوشے عباسی ، محمود اسلم ، سلیم معراج ، مومن ثاقب ، ندا ممتاز، فرقان قریشی اور گل رعنا شامل ہیں۔ کہانی ”خدا اورمحبت ” کے مصنف ہاشم ندیم نے لکھی ہے۔

متعلقہ خبریں