ڈیرہ غازی خان:لادی گینگ کودی جانےوالی ڈیڈلائن ختم،سرچ آپریشن جاری

انٹیلی جنس بنیادیوں پر مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے

ڈیرہ غازی خان میں لادی گینگ کے خلاف سرچ آپریشن 10 ویں روز بھی جاری ہے۔

ڈیرہ غازی خان میں آر پی او فیصل رانا کی ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے دی جانے والی 72 گھنٹے کی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی ہے۔

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق لادی گینگ کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران قبائلی علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادیوں پر مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے تاہم مطلوب ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ یہ ملزمان قتل،اقدام قتل،دہشت گردی اور اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب ہیں۔

بدھ کو بارڈر ملٹری پولیس نے بتایا کہ سخی سرور کے قبائلی علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لادی گینگ کے اہم سہولت کار بلال عرف بلی کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کی گرفتاری موبائل ڈیٹا اور موبائل لوکیشن ٹریس کرکےعمل میں لائی گئی۔ گرفتارملزم بلال عرف بلی لادی گینگ کو مختلف ناموں سے موبائل سم خرید کر دینے اور ان کےزیرِاستعمال فون نمبروں پر بیلنس لوڈ کراتا رہا ہے۔

منگل کو ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان عمر سعید ملک کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں لادی گینگ کےخلاف جاری آپریشن میں بھاری نفری کے استعمال کے بجائے خفیہ معلومات کی بنیاد پر اسمارٹ اور نتیجہ خیز کاروائی کی جائے۔ ڈی پی او نے بتایا تھا کہ لادی گینگ کی سہولت کاری کے الزام میں گرفتار ملزمان سے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تحقیقات کررہی ہے جبکہ لادی گینگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بند کروانے کے لیے ایف آئی اے کے سائبر کرائم یونٹ کو تحریری طور پر سفارشات بھجوادی گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں