ڈیفیکٹڈ اور ریجیکٹڈ رہنماؤں کو پاکستانی عوام چھوڑچکے،حلیم عادل

یہ وطن فروش لوگ ہیں

Your browser does not support the video tag.

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے نون لیگ اور پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت پر کڑی تنقید کی ہے۔

اسلام آباد میں ہفتے کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے لیڈر بلاول زداری کی سی وی تیار کرائی اوران کے دورہ امریکا سے پہلے سی وی بھیجی گئی۔ یہ سی وی مراد علی شاہ امریکا لے کرگئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ اِن ڈیفیکٹڈ اور ریجیکٹڈ رہنماؤں کو پاکستانی عوام چھوڑ چکے ہیں اور یہ وطن فروش لوگ ہیں۔ بلاول جیسے ڈیفیکٹڈ لیڈر کو معاف نہیں کریں گے اوران کو پہاڑوں میں ڈھونڈنے کے لیےآئے ہیں۔

سندھ کےحالات سےمتعلق حلیم عادل کا کہنا تھا کہ سندھ کو 13 سال سے کتے جھنجوڑ رہے ہیں اور یہاں طبی سہولیات کے لیے ایمبولینس چنگچی اور گدھا گاڑی ہے۔

صوبائی اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں میٹرک امتحان کے دوران نقل اور بوٹی مافیا کا راج ہے اور صوبے میں روزانہ پرچے آؤٹ ہورہے ہیں۔

آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق حلیم عادل کا کہنا تھا کہ نون لیگ اور پیپلزپارٹی کے بیانات کشمیر کاز کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ نواز شریف نے 2016 میں کشمیری رہنماؤں سے ملنے سے انکار کردیا تھا اور وہ بھارتی تاجر جندال اور اُس کی فیملی سے ملے تھے۔

حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ نوازشریف اور آصف زرداری نے کبھی کشمیر میں جاری دہشت گردی پر آوازنہیں اٹھائی اور بلاول بھٹو آزاد کشمیر جا کرغلط باتیں کررہے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بھٹو بننے کیلئے بھٹو ہونا ضروری ہے اور زرداری بھٹو نہیں بن سکا ہے۔

متعلقہ خبریں