کابل:مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے میں 12 افراد ہلاک

جمعہ 14 مئی 2021 15:04

حالیہ ہفتوں میں افغانستان میں پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

افغانستان میں پولیس کے مطابق دارالحکومت کابل کے نواحی علاقے میں واقع ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ 
کابل پولیس کے ترجمان فردوس فرامرز نے بتایا کہ امام مسجد سمیت 12 ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دھماکہ صوبہ کابل کے شکر درہ ضلعے میں مسجد کے اندر ہوا۔  
یہ دھماکہ جمعرات سے طالبان اور حکومتی فوجوں کے درمیان طے پانے والے تین روزہ عارضی جنگی بندی کے اعلان کے بعد ہونے والا پہلا بڑا واقعہ ہے۔ 
مزید پڑھیں
دونوں جانب سے عیدالفطر کے موقع پر جنگی بندی کی پاسداری کرنے پر اتفاق کیا تھا، گذشتہ دو دہائیوں سے جاری شورش میں یہ چوتھا ایسا موقع تھا کہ جنگی بندی کی گئی ہے۔ 
خیال رہے کہ امریکہ کی جانب سے یکم مئی سے اپنے 2500 بقیہ فوجیوں کے افغانستان سے باضابطہ انخلا کے بعد حالیہ ہفتوں میں ملک بھر پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ 
گذشتہ ہفتے، کابل میں لڑکیوں کے سکول میں باہر ہونے والے سلسلہ وار دھماکوں میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں زیادہ تر کم عمر لڑکیاں شامل تھیں۔