کراچی:بدلتی موسمی صورتحال، بلدیہ عظمیٰ کا ایمرجنسی کنٹرول روم قائم

بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ہیٹ ویو اور متوقع سمندری طوفان کے پیش نظر ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔

ایڈمنسٹرکراچی لئیق احمد نے بتایا ہے کہ بلدیہ اعظمیٰ کراچی کا ایمرجنسی کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کرے گا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں فوری مدد فراہم کرے گا۔

ایمرجنسی صورتحال کے دوران ریلیف ورکرز، پیرامیڈیکل اسٹاف، سٹی وارڈنز، انجینئرزاور دیگر متعلقہ عملے کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے مزید بتایا کہ تمام متعلقہ افسران اور دیگر عملے کی دن اور رات کی شفٹ میں تعیناتی کی گئی ہے۔افسران ایسی جگہوں پر خاص توجہ دیں جہاں برساتی پانی کھڑا ہونے کی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں۔شہر کے کسی بھی علاقے میں ضرورت پڑنے پر ڈی واٹرنگ پمپس کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے واضح کیا کہ شہر میں ایسے انتظامات کئے جائیں کہ ساحلی علاقوں اور دیگر نشیبی جگہوں پر جلد از جلد نکاسی آب ممکن ہوسکے۔ برساتی نالوں کے چوکنگ پوائنٹس پر مسلسل نظر رکھی جائے تاکہ نکاسی کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام محکمے باہمی رابطے اور تعاون کے ذریعے کام کریں اور شہریوں کو زیاہ سے زیادہ ریلیف دیں۔ ان حالات میں شہری گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں۔

متعلقہ خبریں