کراچی:سی ویو پر پھنسے جہاز سے تیل نکال لیا گیا

تیل ویئر ہاؤس میں گروی رکھا جائے گا

Your browser does not support the video tag.

کراچی کے ساحل پر 18 جولائی سے پھنسے غیرملکی بحری جہاز ہینگ ٹانگ سے ایندھن نکالنے کا عمل مکمل کرلیا گیا۔

 چيئرمين کے پی ٹی کے مطابق جہاز سے 92 ٹن تيل نکالا گيا ہے جو کسٹم ويئر ہاؤس ميں گروی رہے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر اخراجات کے علاوہ کوئی دیگر کليم نہ ہوئے تو اس صورت میں تيل جہاز کے شپنگ ايجنٹ کو واپس کيا جاسکتا ہے۔

ريسکيو آپريشن اور جہاز چلانے کیلئے 23 ٹن تيل چھوڑ دیا گيا۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ حکام نے تیل نکالنے کیلئے بدھ 28 جولائی کی تاریخ طے کی تھی۔

یاد رہے کہ یہ مال بردار جہاز 2 ہزار 250 ٹن وزنی ہے اور عملے کی تبدیلی کیلئے 18 جولائی کو کراچی آیا اور سمندر میں طغیانی اور تیز ہواؤں کے باعث ساحل کے بالکل نزدیک آجانے کے باعث پھنس کر رہ گیا۔

حکام کے مطابق جہاز کو نکالنے کا کام 15 اگست سے پہلے نہیں بتایا جاسکتا کیونکہ جب تک پانی اوپر نہیں آئے گا اور ٹگ بوٹس اس کے نزدیک نہیں آئیں گی، اسے سالویج کرنا آسان نہیں ہوگا۔

ہینگ ٹانگ کے ایرانی مالک نے تاحال پاکستان رابطہ نہیں کیا ہے، جس کے باعث وفاقی حکومت نے اس بات پر بھی غور شروع کردیا ہے کہ اگر صورتحال یہی رہی تو جہاز کو قبضے میں لے لیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں