کراچی ایئرپورٹ سے1 کروڑ9 لاکھ روپے کے 58 آئی فونز برآمد

کراچی: برآمد آئی فونز کا ایک منظر

کراچی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی حکام نے 58 قیمتی آئی فونز اسمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

ایئرپورٹ سیکیورٹی حکام کے مطابق منگل 18 مئی کو کسٹم اہلکاروں نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کے دوران مسافر سے 1کروڑ 9 لاکھ روپے کے 58 آئی فونز برآمد کیے۔

مسافر موبائل فونز بیرون ملک سے لے کر آیا تھا۔ ملزم امارات سے نجی ائیرلائن کے ذریعے کراچی پہنچا تھا۔ موبائل فونز کو ملزم نے شاپنگ بیگ میں چھپایا ہوا تھا۔

کسٹم حکام کی جانب سے ملزم کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔