کراچی: ایس اوپیز کی خلاف ورزی، شادی ہال،بیکری، ریسٹورانٹس سیل

فوٹو : آن لائن

کراچی کے علاقے ضلع جنوبی میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شادی ہال، بیکری اور ریسٹورانٹس سمیت 25 دکانیں سیل کردی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی ارشاد سوڈھر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلع بھر میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ ضلع جنوبی کی انتظامیہ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر شادی ہال، بیکری اور ریسٹورانٹس سمیت 25 دکانیں سیل کردیں۔

ارشاد سوڈھر کا کہنا ہے کہ ڈیفنس میں ماسٹر جوس، شفیق بریانی، پکوان سینٹر اور دہلی کالونی میں 2 دکانیں اور ایک موبائل شاپ سیل کردی گئی، صدر میں 4 ریسٹورانٹس اور ٹریول ایجنسی سمیت 7 دکانیں سیل کی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ گارڈن کے علاقے میں فوٹو شاپ، سعودی ہوٹل، پکوان سینٹر اور بیکری سیل کردی، اس دوران ضلع جنوبی میں 200 کے قریب شہریوں، دکانداروں اور ریسٹورانٹس کے عملے کے کرونا ویکسینیشن کارڈ چیک کئے گئے۔

واضح رہے کہ کراچی میں کرونا وائرس (ڈیلٹا ویرینٹ) کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ روز کئے ٹیسٹس میں سے 30 فیصد مثبت آئے تھے، ضلع وسطی میں بھی کرونا کیسز میں اضافے کے باعث کئی علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جاچکا ہے۔