کراچی سمیت سندھ میں آج موسم آبر الود،ہلکی بارش کا امکان

اس سال مون سون کی بارشیں زیادہ ہونگی

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ میں موسم اتوار کے روز گرم جب کہ مطلع ابر آلود رہے گا، رات کے اوقات میں شہر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

ادارے کے مطابق صبح کراچی کا درجہ حرارت 29 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جب کہ شہر کا آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں رواں سال مون سون جون کے آخری ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے، 27 سے 30 جون کے دوران بارشیں متوقع ہیں اور جولائی سے ستمبر کے دوران مون سون بارشیں معمول کے قریب ہوں گی جب کہ پنجاب کے بالائی، شمالی بلوچستان اور کشمیر میں معمول سے زائد بارشیں متوقع ہیں۔

پنجاب، کے پی اور سندھ کے میدانی علاقوں میں اربن فلڈنگ نظر انداز نہیں کی جاسکتی جب کہ پنجاب، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ رہے، اچانک تیز بارشوں کے باعث ندیوں اور دریاوں میں سیلاب آسکتا ہے۔

اعلامیے کے مطابق شمالی علاقوں میں معمول سے زائد درجہ حرارت کے باعث برف پگھلنے کا امکان رہے گا، پہاڑوں سے برف پگھلنے کے باعث بالائی انڈس بیسن میں پانی کا بہاؤ بڑھ جائے گا تاہم بارشوں کے باعث پاور سیکٹر اور زراعت کے لیے پانی کافی مقدار جمع ہوگا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ کراچی سمیت سندھ میں معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے، کراچی میں جولائی میں معمول کی بارشوں کا ریکارڈ 60 ملی میٹرہے، جب کہ شہر میں اگست میں معمول کی بارشوں کا ریکارڈ 60.9 اور ستمبر میں 11 ملی میٹر ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں ہفتہ کی رات تیز آندھی کے ساتھ بارش اور ژالہ باری نے گرمی کی شدت کم اور موسم خوشگوار بنا دیا۔ لاہور، شکرگڑھ، سیالکوٹ، سوات اور آزاد کشمیر سمیت کئی علاقوں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

بارکھان اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ ادھر کوہلو میں آسمانی بجلی گرنے سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی ہفتہ کے روز رات کو بوندا باندی ہوئی۔

دوسری جانب بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم ژوب، بارکھان میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کوئٹہ میں گرمی کی شدت بڑھ گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جہاں شہریوں نے گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے پارکوں کا رخ کرلیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں