کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں جمعرات سے بارشیں ہونگی

اس دفعہ پری مون سون تین مختلف سسٹم کا مجموعہ ہے

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں تین روز تک بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

بدھ کو نیا دن کے پروگرام میں محکمہ موسمیات کے افسر جواد میمن نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بدھ سے سندھ کے کچھ علاقوں میں بارشیں برسنا شروع ہوجائیں گی۔

کراچی سے متعلق انھوں نے کہا کہ جمعرات کی دوپہر اور شام سے بادلوں کا سسٹم مضبوط ہوجائے گا اور 18 اور 19 جون کو بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کراچی کے تمام علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش متوقع ہے۔ اس دوران بارش سے پہلے آندھی آنے کا امکان بھی ہے۔

جواد میمن نے خاص طور پر بتایا کہ کراچی کے شمالی علاقوں میں تیز بارش ہوسکتی ہے۔ ان علاقوں میں ہائی وے سمیت سرجانی ٹاؤن،گلشن حدید اور نارتھ کراچی شامل ہیں۔

پری مون سے متعلق انھوں نے کہا کہ اس سیزن میں ماضی میں طاقتور سسٹم دیکھے گئے ہیں جس کے باعث غیر معمولی بارشیں ہوئی ہیں۔ اس دفعہ پری مون سون تین مختلف سسٹم کا مجموعہ ہے۔ بحرِ عرب سے سندھ کے علاقوں کی طرف بادلوں کا نظام بڑھ رہا ہے جن میں کراچی بھی شامل ہے۔ بنگال کی طرف بھی بارش برسانے والا طاقتور نظام موجود ہے جو پاکستان کی طرف بڑھے گا۔ اس کےعلاوہ پاکستان کے وسطی اور بالائی علاقوں میں بھی بارشیں برسانے والا نظام موجود ہوگا اور جون کے آخری ہفتے میں بارشوں کا نظام فعال ہوجائے گا۔

اندرونِ سندھ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بارشوں کا موجودہ نظام کئی دیہی علاقوں میں بھی بارش برسائے گا اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

اس سے قبل پنجاب سے میدانی علاقوں سے متعلق انھوں نے بتایا تھا کہ آنے والے چند ہفتوں تک موسم خوشگوار رہے گا اور بارشیں ہوتی رہیں گی۔جاوید میمن نے کہا کہ پچھلے سال غیرمعمولی بارشیں ہوئی ہیں تاہم اس بار پیش گوئی کی گئی ہے کہ کافی حد تک بارشیں معمول سے تھوڑی زیادہ ہونگی۔

متعلقہ خبریں