ٹھٹھہ میں بارش اور گرد آلود ہوائیں شروع
محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان تاؤتے سے متعلق 5 واں الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی سے سمندری طوفان کا فاصلہ 1310کلو میٹر ہے۔ ٹھٹھہ میں کیٹی بندر اور ساحلی پٹی پر طوفان کے اثرات نظر آنا شروع ہو گئے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا درجہ حرارت آج بروز اتوار 16 مئی کو 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ شہرِ میں آج موسم گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ میٹ آفس کا کہنا ہے کہ شہر کا درجہ حرارت آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید گرم اور خشک رہے گا۔
صبح کے اوقات میں کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 28 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں شمال مشرق سے 23 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 25 فیصد ہے۔
کراچی میں طوفان کی شدت
ساحلی پٹی پر 17 سے 20 مئی تک آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ 17 سے 20 مئی کے دوران موسمی صورت حال میں شدت آنے کے بعد ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، میرپور خاص، عمر کوٹ اور سانگھڑ میں گردآلود ہوائیں، آندھی اور شدید بارشوں کا امکان ہے۔ جب کہ اس دوران 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں گی۔
اندرون سندھ
ٹھٹھہ میں کیٹی بندر اور ساحلی پٹی پر طوفان کے اثرات نظر آنا شروع ہو گئے ہیں اور تیز ہواؤں کے ساتھ مٹی کے طوفان کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
کراچی، حیدرآباد، جامشورو اور شہید بے نظیرآباد میں 18 سے 20 مئی کے دوران موسم میں شدت آنے کے باعث 40 سے 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ جب کہ اس دوران گرد الود ہوائیں، شدید بارش اور آندھی کا بھی قوی امکان ہے۔ ادارے نے سمندر میں شدید طغیانی کے باعث ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے اور دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
بھارت میں طوفان
طوفان سے متعلق ادارے کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان تاؤتے بھارتي رياست کيرالہ سے ٹکراگيا ہے، جس کے بعد وہاں شديد بارش اور تيزہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ طوفان بھارتی ریاست گجرات کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سمندری طوفان 18 مئی کی دوپہر یا شام بھارتی گجرات پہنچے گا۔
طوفان سے بھارت کی 6 ریاستوں کے متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر بڑی تعداد میں عوام نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 18 سے 24گھنٹے کے دوران طوفان شدت اختیار کرسکتا ہے۔ 17 سے 20 مئی تک سمندر میں طغیانی کی کیفیت رہے گی۔ کل 16 مئی سے جمعرات تک سندھ میں بارشوں کا امکان ہے، جب کہ کراچی سے سمندری طوفان کا فاصلہ 1310کلو میٹر ہے۔
بل بورڈز ہٹانے کا حکم
دوسری جانب کسی بھی ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کیلئے بلدیہ ضلع وسطی ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ کے جاری آرڈر میں تمام خطرناک سائن بورڈز اور بل بورڈز فوری ہٹانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق کسی بھی جانی و مالی نقصانات سے بچنے کے لیے تمام سائن بورڈز ہٹانے ہوں گے۔ ناکامی کی صورت میں ہونے والے نقصانات کے ذمہ دار اشتہاری بورڈز کے مالکان ہوں گے۔
کچی تعمیرات منہدم ہونےکے خدشات ہیں، جب کہ جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ہیٹ ویو
طوفان کے باعث کراچی شہر کا درجہ حرارت بڑھنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ہیٹ ویو کے سبب بلدیہ عظمیٰ کے مختلف محکموں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق گرمیوں کے موسم کے دوران پانی کا استعمال بڑھا دیں، جسم میں نمکیات کی کمی کو پورا کرنے کے لیے او آر ایس اور لیموں کا پانی پیئیں۔
پانی آپ کے جسم کے درجہ حرارت کو معمول پر رکھتا ہے چنانچہ گرمی کے دنوں میں زیادہ سے زیادہ پانی پیئیں۔
طبی ماہرین کے مطابق ایک دن میں 6 سے 7 لیٹر پانی پیئیں جبکہ صبح 11 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔
حالت غیر محسوس ہونے پر فوراً نہائیں، پنکھے کا رخ اپنی طرف کر لیں تاکہ آپ کے جسم کا درجہ حرارت کم ہو سکے۔
انتہائی شدید درجہ حرارت 106C-108C کی صورت میں اپنی گردن، بغلوں، گھٹنوں اور پیٹھ پر برف کے ٹکڑے رکھیں۔
ہیٹ اسٹروک سے اُٹھنے والا بخار، دوائی سے ٹھیک نہیں ہوتا اس لیے خود سے کوئی علاج نہ کریں۔
ملک کے دیگر حصوں کا موسم
اتوار کے روز ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ کشمیر، خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں آندھی، تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے، جب کہ دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔
پیر کے روز ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔ تاہم کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار،جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان،جنوب مشرقی سندھ اورگلگت بلتستان میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
متعلقہ خبریں