کراچی: ماسک نہ پہننے پر شہریوں پر جرمانے

ڈپٹی کمشنر جنوبی ارشاد علی سوڈر کی ہدایت پر ضلع بھر میں کرونا ایس او پیز اور اوقات کار کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ماسک نہ پہننے پر شہریوں پر جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر صدر شیرینہ جونیجو نے ایس او پیز اور ٹائمنگ کی خلاف ورزی کرنے پر 40 دکانداروں کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کردیا اور 5 ایف آئی آر بھی درج کرائیں۔ اسسٹنٹ کمشنر کے جانب سے 7 دکانوں کو سیل کیا گیا اور 40 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

ڈی ایچ اے کے علاقے میں اسسٹنٹ کمشنر سول لائن ولید بیگ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر ڈیلی دبئی ریسٹورنٹ سمیت 13 سیلون اور 2 جم کو بھی سیل کردیا اور 20 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے۔

اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ مشعل نعیم نے پاکستان چوک اور آرام باغ کے علاقے میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 2 پرنٹنگ پریس سمیت 225 دکانوں پر مشتمل ایک موبائل مارکیٹ کو سیل کردیا۔

گارڈن کے علاقے میں اسسٹنٹ کمشنر گارڈن ڈاکٹر محسن نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی کرتے ہوئے 2 سیلون سمیت متعدد دکانوں کو سیل کردیا۔ اس کے علاوہ فیس ماسک استعمال نہ کرنے پر 10 لوگوں پر 5 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

دریں اثناء مختیار کار لیاری نے پاک فوج کے ہمراہ مارکیٹ کا دورہ کیا اور فیس ماسک استعمال نہ کرنے پر 10 لوکوں پر جرمانے عائد کیے۔ اس دوران کئی دکانیں بھی سیل کی گئیں۔

متعلقہ خبریں