کراچی میں براہ راست میئر آنا ضروری ہے، وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کہتے ہیں کہ کراچی والے مسائل حل نہ ہونے کا شکوہ کرتے ہیں، اُمید ہے کہ سندھ حکومت کچھ پیسہ عوام پر بھی لگائے گی، کراچی میں براہ راست میئر کا آنا بہت ضروری ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہتے ہیں کہ بجٹ کو ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے سراہا لیکن اپوزیشن کا رویہ حسب معمول غیرذمہ دارانہ رہا، ابھی تک بجٹ پڑھنے کی بھی زحمت نہیں کی، ایسی غیرسنجیدہ اپوزیشن سے عوام کیا توقع کرسکتی ہے، اگلے 7 سال بھی یہ لوگ ایسے ہی بینر اٹھا کر کونے میں کھڑے ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت قوم پرستی کی سیاست میں پڑ چکی ہے، کراچی والے مسائل حل نہ ہونے کا شکوہ کرتے ہیں، اُمید ہے کہ سندھ حکومت کچھ پیسہ عوام پر بھی لگائے گی، سندھ حکومت اپنی پولیس کو ضروری سامان نہیں دے سکی، پیپلزپارٹی کے ہوتے ہوئے سندھ کبھی ترقی نہیں کرسکتا، کراچی میں ڈائریکٹ میئر کا آنا بہت ضروری ہے۔

فواد چوہدری نے لیگی رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال کبھی عقل کی بات بھی کرلیا کریں، الیکشن میں ہارنے والی جماعت دھاندلی کا شور مچاتی ہے، اپوزیشن چاہتی ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ نہ ہو، اپوزیشن چاہتی ہے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دیا جائے، بدقسمتی سے اپوزیشن کا رویہ اب بھی بچوں جیسا ہے۔

متعلقہ خبریں