کراچی میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

فوٹو: آن لائن

محکمہ موسميات نے کراچی میں مزید بارشوں کی پيشگوئی کردی۔ ڈائريکٹر ميٹ سردار سرفراز کہتے ہيں جمعہ تک شہر قائد میں کہيں ہلکی اور کہيں تيز بارش ہوسکتی ہے۔

کراچی میں پیر کی صبح مون سون کی پہلی بارش ہوئی، محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ 2 سے 3 روز تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی تھی تاہم منگل کے روز مطلع صاف اور موسم انتہائی گرم رہا۔

محکمہ موسمیات نے حبس اور گرمی کے پیش نظر منگل کی شام اور رات کو بھی بارش کی پیش گوئی کی جبکہ بدھ کو بھی دن بھر گرمی اور شام ميں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر میٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ خليج بنگال پر ہوا کے کم دباؤ کے اثرات بھی کراچی پر پڑيں گے، کہيں کم کہيں زيادہ بارش کا سلسلہ جمعہ تک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے عید الاضحیٰ پر بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، سردار سرفراز کہتے ہیں کہ 20 اور 21 جولائی کو بھی بارش ہوسکتی ہے، جولائی کے آخر ميں بھی بارش کا ايک اسپيل متوقع ہے۔