کراچی میں ممکنہ بارشیں:کمشنر ہاؤس میں کنٹرول روم قائم

کمشنر کراچی کے آفس میں قائم ریسکیو 1299 پر امدادی کاموں میں رہنمائی اور مدد کے لیے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی نےہدایت کی ہے کہ شہری اور متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورت میں رابطے اور مدد کے لئے کنٹرول روم پراطلاع دیں۔

سندھ میں متوقع سمندری طوفان کے پیش نظر کراچی میں انتظامیہ الرٹ ہے۔ اتوار کو کمشنر کرچی نوید شیخ نےمتعلقہ افسران کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ہنگامی اقدامات کا جائزہ لیا۔

کمشنرکراچی نوید شیخ نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنرز، کنٹونمنٹ بورڈز اور دیگر متعلقہ ادارے متوقع طوفان کے پیش نظر ریسکیو اقدامات کو یقینی بنائیں۔اسپتالوں کو الرٹ رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحا ل میں ایمرجنسی سے نمٹنے اور ریلیف کے کاموں کے لئے تیار رہیں۔

کمشنرکراچی کا کہنا تھا کہ کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے ہنگامی منصوبے  تیار ہیں۔ متوقع بارشوں سے نمٹنے کے لئے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ فعال کریں۔انھوں نے مزید کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ برساتی نالوں کی رکاوٹیں دور ہوں اور نکاسی کے موثر انتظامات ہوں۔

کمشنر کراچی کو شہر میں موجود نالوں کی صفائی اور بل بورڈز ہٹانے کے کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے پمپنگ اسٹیشن کا دورہ بھی کیا اور واٹر بورڈ اور بلدیاتی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ خبریں