کراچی میں مٹی کا طوفان، مختلف علاقوں میں بارش

کراچی میں کئی روز کی شدید گرمی کے بعد مٹی کو طوفان آگیا، مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ مختلف علاقوں میں حادثات کے نتیجے میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

کراچی میں منگل کو بھی شدید گرمی رہی تاہم تقریباً ساڑھے چار بجے یکدم گہرے بادل چھا گئے، جس کے بعد تیز ہوائیں چلیں اور مٹی کا طوفان آگیا۔

مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے بعد کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

کراچی کے علاقوں گلشن معمار، احسن آباد، سرجانی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، برنس روڈ، کورنگی، شاہ فیصل، لانڈھی، اورنگی ٹاؤن، قصبہ اور دیگر علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں تیزآندھی اوربارش، حادثات میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق 

تیز ہوائیں چلنے کے بعد  مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ بجلی کی عدم فراہمی سے ملیر، شاہ فیصل ٹاؤن، طارق بن زیاد سوسائٹی، ماڈل کالونی، گلستان جوہر، کیماڑی، اورنگی، لانڈی اور کورنگی کے کئی علاقے متاثر ہیں۔

کراچی میں عید الفطر کے روز سے شدید گرمی کا سلسلہ جاری تھا، گزشتہ روز (پیر کو) درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

یہ بھی جانیے: کراچی میں آج درجہ حرارت 43ڈگری تک جانے کا امکان

محکمہ موسمیات پہلے پیش گوئی کررہی تھی کہ کراچی میں بارش کا امکان نہیں تاہم اب کہا جارہا ہے کہ مختلف علاقوں میں ہلکی و تیز بارش ہوگی، تاہم آئندہ دنوں میں بارش کا امکان نہیں ہے۔

مزید جانیے: طوفان ٹاؤتے کے نام کا مطلب کیا ہے ؟

ڈی جی محکمہ موسمیات سندھ کا کہنا ہے کہ ہم نے سندھ کے مشرقی علاقوں میں بارش اور طوفان کی پیش گوئی کی تھی، ہم اپنے ہر بلیٹن میں کہتے رہے ہیں کہ صوبے کے تمام شہروں میں بارش ہوسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ طوفان کے اثرات ہیں، صوبے میں کہیں بھی تیز بارش نہیں ہوگی جبکہ درجہ حرارت میں کمی ہوگی۔

متعلقہ خبریں