کراچی میں پارہ 43 ڈگری کو چھو گیا،گرمی کی شدید لہر برقرار

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان میں شدت آنے کی وجہ سے آج کراچی میں گرم اور تیز ہوائیں چلیں گی، جب کہ دوپہر کے اوقات میں شہر کا درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

کراچی

سمندری طوفان تاوٹے کراچی سے 800 کلو میٹر کی دوری پر ہے۔ طوفان کے مرکز میں تیز ہواؤں کی رفتار 150 سے 170 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات کراچی کے مطابق راچی میں آج، اتوار سے زیادہ گرمی پڑے گی۔ شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور کم سے کم درجہ حرارت میں کل کے مقابلے میں 4 ڈگری کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 32اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ گزشتہ روز اتوار کو کم سے کم درجہ حرارت 28اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 25 فیصد ہے اور شمال مشرق سے گرم اور خشک ہوائیں چل رہی ہیں۔ آج کراچی میں شدید گرمی کی وجہ سے درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ دوسری جانب ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ طوفان تاؤتے نے مزید شدت اختیار کی ہے اور یہ کراچی سے 8 سو کلو میٹر دور ہے، تاہم کراچی میں بارش کا امکان نہیں ہے۔

اندرون سندھ

سمندری طوفان تاؤتےکے پاکستانی ساحل سے ٹکرانے کا خطرہ ٹل گیا ہے، مگر سندھ کی ساحلی پٹی پر منگل تا جمعرات (18سے 20مئی) آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جیکب آباد، حیدرآباد، مٹھی، سانگھڑ، میرپور خاص، تھرپارکر اور بدین میں آندھی، گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے۔

بھارت 

سمندری طوفان آج رات یا کل صبح 18 مئی کو بھارتی ریاست گجرات سے ٹکرائے گا۔ سمندری طوفان تاؤتے سے بھارتی ریاست کرناٹکا، کیرالہ، گوا اور مہاراشٹرا میں تباہی مچ گئی جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان تاؤتے بھارتی ریاست گجرات کے ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ گجرات کے ساحل پر سمندری لہروں میں تیزی آچکی ہے۔

بلوچستان

دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی آج مطلع گرم اور خشک رہیگا۔ کوہلو، ژوب، بارکھان اور گردونواح میں تیز ہواوں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ میٹ آفس کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ  درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ قلات میں درجہ حرارت 25 گوادر میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ کیا گیا۔ ادھر سبی میں درجہ حرارت 40 ، نوکنڈی میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

ادارے کے مطابق کوئٹہ میں ہوا میں نمی کا تناسب 16 فیصد، گوادر میں 73 فیصد، سبی میں 35 ، نوکنڈی میں ہوا میں نمی کا تناسب 12 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ملک کے دیگر حصوں کا موسم

پیر کے روز ملک کے بیشتراضلاع میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔ تاہم بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، جنوب مشرقی سندھ اور گلگت بلتستان میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

طوفان آنے سے قبل کیا تیاریاں کی گئی ہیں؟

سندھ حکومت نے بحیرہ عرب میں بننے والے سائیکلون کے ابتدائی الرٹ کے بعد سے ہی ممکنہ نقصانات سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینا شروع کردیا تھا اور اس سلسلے میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک ہنگامی اجلاس ہفتے کو طلب کیا تھا جس میں محکمۂ موسمیات سمیت دیگر اداروں کو بھی بلایا گیا تھا۔

اجلاس میں صوبائی حکومت کو محکمہ موسمیات نے دو ممکنہ ٹریکس سے آگاہ کیا۔ پہلا یہ کہ اگر طوفان بھارت ریاست گجرات کو عبور کرتا ہے تو اس کا اثر ٹھٹھہ، بدین، میرپور خاص، تھر پارکر، عمر کوٹ اور سانگھڑ اضلاع پر ہوگا۔ جس کے نتیجے میں تیز ہواؤں کے ساتھ ان علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔

دوسرا یہ کہ اگر سمندری طوفان شمال مغرب اور کراچی کے مغرب کو عبور کرتا ہے تو اس کا اثر کراچی، حب، لسبیلہ، حیدر آباد اور جام شورو اضلاع پر پڑے گا۔ اس ممکنہ صوتِ حال کے نتیجے میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی میں انتظامیہ کو نالوں کے چوکنگ پوائنٹس کو کلیئر کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس کے علاوہ شہر بھر سے تمام بل بورڈز ہٹانے اور زیرِ تعمیر عمارتوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں