کراچی: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے چینی شہری زخمی

کراچی: جائے وقوعہ کا ایک منظر

کراچی کے علاقے گلبائی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے چینی شہری زخمی ہوگیا۔

واقعہ بروز بدھ 28 جولائی کی صبح پیش آیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے، جن کی تعداد 2 تھی۔ جب کہ چینی شہری گاڑی میں اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق چینی شہری کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان بدر سے سائٹ ایریا جانے کیلئے صبح 7 بجے گھر سے نکلے۔ دونوں غیر ملکی سفید رنگ کی کرولا میں سوار تھے۔

گاڑی جب گلبائی کے قریب پہنچی تو موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کردی۔ جس سے ایک چینی شہری زخمی ہوا۔ واقعہ کے فوراً بعد چینی شہری کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی چینی شہری کو 4 گولیاں لگیں۔، جس کی شناخت شونگ چنگ فونگ کے نام سے کی گئی ہے۔

ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق متعلقہ چینی شہری رواں ماہ 7 جولائی کو کراچی پہنچے، تاہم کراچی آمد سے متعلق چینی شہریوں نے پولیس سمیت کسی مجاز اتھارٹی کو اپنی موجودگی سے متعلق آگاہ نہیں کیا، یہاں تک کہ نہ ان کے پاس پرائیوٹ سیکیورٹی گارڈز تھے، اور نہ گھر پر کوئی سیکیورٹی کا انتظام موجود ہے۔