کراچی ٹیسٹ: پاکستان مشکلات کا شکار، پانچویں وکٹ بھی گر گئی
جمعہ 6 جنوری 2023 10:08
امام الحق کو 12 رنز پر اش سودی نے بولڈ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستان کی دوسری اننگز جاری ہے تاہم اس وقت کھانے کا وقفہ ہے۔
جمعے کو کراچی میں ہونے والے میچ میں قبل ازیں سرفراز احمد اور سعود شکیل بیٹنگ کر رہے تھے۔
تھوڑی دیر قبل تک پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے تھے۔
مزید پڑھیں
جمعرات کو چوتھے روز کے کھیل میں نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹوں پر 277 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی جس سے پاکستان کو 319 رنز کا ہدف ملا تھا۔
اس کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز مایوس کن رہا اور بغیر کسی رن کے دو وکٹیں گر گئیں۔
پاکستان کی آج گرنے والی تیسری وکٹ امام الحق کی تھی جن کو اش سودی نے 12 رنز پر بولڈ کیا۔
پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے۔ بریسویل نے 27 رنز پر ان کا کیچ پکڑا۔ ان کے بعد شان مسعود بھی ہٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 35 رنز بنائے تھے۔
خیال رہے نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 449 رنز بنائے تھے جبکہ پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 408 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی میں ہی کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔