کراچی: ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں فوری طورپر رین ایمرجنسی نافذ

متعلقہ افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ

کراچی میں ممکنہ بارشوں اور خراب موسمی صورتحال کے باعث ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

اتوار کو کراچی میں ڈپٹی کمشنر ساؤتھ ارشاد علی سوڈھر کی سربراہی میں سمندری طوفان کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کاجائزہ اجلاس  ہوا۔

اجلاس میں میونسپل کمشنر، ایڈیشنل کمشنرز،چیف انجینئر واٹراینڈ سیوریج بورڈ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، کے الیکڑک، کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن اور ڈی ایم سی ساؤتھ کے افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ نے بتایا کہ ساحلی پٹی اور نشیبی علاقوں میں ایمرجنسی کی صورت میں شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے ایکشن پلان تیار ہے۔تمام اسٹیک ہولڈرز صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں۔انھوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اسکولوں اور کھیل کے میدانوں میں ریلیف کیمپس کے حوالے سے عوام کو آگاہی فراہم کریں۔

اس کےعلاوہ پیر کی شام تک شاہراؤں اور علاقوں میں موجود کچرا کنڈیوں کی صفائی اورسڑکوں پر موجود کچرے کو صاف کیا جائے گا تاکہ کچرا برساتی پانی میں شامل ہوکر برساتی نالوں اور مین ہولز میں چوکنگ کاباعث نہ بن سکے۔

ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں فوری طور پر رین ایمرجنسی نافذ کرکے متعلقہ افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔سینٹری اسٹاف سمیت محکمہ پارکس، بلڈنگ اینڈ روڈ اور مکینیکل اینڈ الیکٹریکل کا عملہ ضروری سامان جن میں اوپن ٹرک، ٹریکٹر، ڈی واٹرنگ پمپس،سیس پول کو فیلڈ میں فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ارشاد سوڈھر نے بتایا کہ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے ڈی واٹرنگ پمپس ودیگرمشینوں کو لگانے کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔محکمہ باغات سائن بورڈز اور درختوں کے گرنے کی صورت میں فوری طور پر انہیں ہٹانے کیلئے فیلڈ میں موجود رہے گا۔

متعلقہ خبریں