کراچی کے نالوں سے 38لاکھ کیوبک فٹ کچرااٹھایاجاچکا، سیکریٹری بلدیات

سیکریٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ نے وزیر بلدیاتی سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی کے برساتی نالوں سے 37 لاکھ 96 ہزار 790 کیوبک فٹ فضلہ لینڈ فل سائٹ پر منتقل کیا جاچکا، نالوں کی صفائی کا عمل مستقل طور پر جاری ہے۔

وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور سیکریٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ نے منگل کو شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نالوں کی صفائی مہم کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ نے بتایا کہ 26 مئی سے شروع ہونیوالی نالہ صفائی مہم زور و شور سے جاری ہے، روزانہ کی بنیاد پر برساتی نالوں سے نکالے جانے والا فضلہ لینڈ فل سائٹس پر منتقل کیا جارہا ہے۔

نجم احمد شاہ کا کہنا ہے کہ 19 جون تک موصول ہونیوالے اعداد و شمار کے مطابق برساتی نالوں سے 5 ہزار 396 ڈمپرز کے ذریعے 37 لاکھ 96 ہزار 790 کیوبک فٹ فضلہ لینڈ فل سائٹس منتقل کیا جاچکا ہے۔

وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ مون سون کی آمد سے قبل ہی حکومت سندھ نے ہنگامی بنیادوں پر جن اقدامات پر عملدرآمد کیا اس کے ثمرات اب نظر آرہے ہیں اور یقینی طور پر بارشوں کے موسم میں صوبہ بالخصوص کراچی کی عوام کو زحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

وزیر بلدیات سندھ کے مطابق حکومت سندھ اپنے تمام فیصلوں اور اقدامات کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچانا چاہتی ہے اور اس مقصد کی تکمیل کی خاطر کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

سیکریٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ نالہ صفائی مہم کے دیرپا نتائج اور مستقل ثمرات حاصل کرنے کیلئے مون سون کے تمام سیزن میں برساتی نالوں کی صفائی کا عمل جاری رہے گا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ نالہ صفائی مہم کے دوران سرکاری عملے سے تعاون کریں اور مختص کردہ مقامات کے علاوہ کچرا پھیکنے سے گریز کریں۔

متعلقہ خبریں