کرسٹیانو رونالڈو فٹ بال ورلڈ کپ کے بعد سعودی کلب جوائن کریں گے؟

سعودی کلب کی جانب سے انہیں تین سالہ معاہدے کی پیشکش کی گئی ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

پرتگال کے سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو قطر میں جاری ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد سعودی عرب کے فٹ بال کلب النصر کی جانب سے کی گئی پیش کش پر غور کریں گے۔
سعودی اخبار الشرق الاوسط کے مطابق مملکت کے النصر فٹ بال کلب نے کرسٹیانو رونالڈو کو تین سالہ کنٹریکٹ کی پیش کش کی ہے جس کی مالیت 224 ملین ڈالرز ہے۔
مزید پڑھیں
خیال رہے کہ رواں ہفتے کرسٹیانو رونالڈو نے انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ سے راہیں جدا کرلی تھیں۔
الشرق الاوسط کے مطابق انہیں باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پرتگالی سٹرائیکر النصر کلب سے مذاکرات ختم نہیں کرنا چاہتے بلکہ ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد اس تین سالہ معاہدے پر غور کریں گے۔
خیال رہے 37 سالہ فٹ بالر جمعرات کو گھانا کے خلاف گول کرنے کے بعد پانچ ورلڈ کپ میں گول کرنے والے واحد کھلاڑی بن گئے ہیں۔
اس سے قبل کرسٹیانو رونالڈو کی والدہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کو کسی پرتگالی کلب کے لیے کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہیں۔