کروناوائرس: مجموعی اموات کی تعداد22 ہزار281 ہوگئی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بتایا ہے کہ 1 دن میں 27 افراد کرونا وائرس کے باعث  انتقال کرگئے۔ ان میں سے 13 مریضوں کا انتقال وینٹیلیٹر پر ہوا۔

این سی او سی نے بدھ کو بتایا ہے کہ 24  گھنٹوں میں 979 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔کرونا کے باعث سب سے زیادہ میں سندھ میں 13 اموات، پنجاب میں 7 اموات اور خیبرپختونخوا میں 5 اموات ہوئیں۔اسلام آباد اور بلوچستان میں 1،1 مریض کا انتقال ہوا۔ ملک میں کرونا سے مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 281 ہوگئی ہے۔

ٹیسٹ اور کیسز:۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 62 ٹیسٹ کئے گئے۔کرونا کے فعال کیسز کی تعداد31 ہزار 606  ہوگئی ہے۔کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 3 ہزار 484 ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 9 لاکھ 57 ہزار371 ہوگئی ہے۔اس وقت 2 ہزار 132 مریض ملک کے 639 اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

اسلام آباد میں 20 فیصد، ملتان میں 27 فیصد، لاہورمیں 19 فیصد، پشاور میں 21 فیصد وینٹیلیٹرز بھرچکے ہیں۔کراچی میں 24 فیصد، ملتان میں 18 فیصد،مظفرآباد میں 19 فیصد اور گلگت میں 48 فیصد آکسیجن بیڈز پر مریض موجود ہیں۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے تدریسی اسپتالوں میں علاج و معالجہ کو کرونا ویکسی نیشن سے مشروط کر دیا ہے۔محکمہ صحت نے تمام ٹیچنگ اسپتالوں کو نیا مراسلہ جاری کردیا ہے۔

مراسلے کے مطابق کرونا ویکسین سرٹیفیکٹ دکھائے بغیرتیمار دار بھی داخل نہیں ہوسکیں گے جبکہ کرونا کے علامات ظاہر کرنے والوں کو پی سی آر ٹيسٹ بھی دکھانا ہوگا۔کرونا ویکسین کے لیے تدریسی اسپتالوں میں سہولیات دی جائیں تاہم یہ شرط 18 سال سے کم عمر والوں پر لاگو نہیں ہوگی۔

متعلقہ خبریں