کروناوائرس: پنجاب میں 8مئی سےلاک ڈاؤن کافیصلہ

فوٹو: آن لائن

پنجاب حکومت نے کرونا وائرس پر قابو پانے کےلیے صوبے میں 8 سے 16 مئی تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرليا۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری، اعلیٰ سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر یاسمین راشد نے کہا کہ کرونا وائرس کی خطرناک صورتحال پر قابو پانے کےلیے 8مئی سے صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیاہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران شہروں میں ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ اور سیاحتی مقامات بند رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کرونا پر قابو پانے کےلیے 15سے20 دن نہایت اہم ہیں جبکہ شہروں کےداخلی اور خارجی راستوں پرچیکنگ پوائنٹس بنائے جائیں گے۔

دوسری جانب لاہور کے تاجروں سے 8مئی سے مکمل لاک ڈاؤن کی مخالفت کردی ہے۔ لاہور ایوان صنعت و تجارت کے صدر میاں طارق مصباح نے آٹھ مئی سےلاہور میں مکمل لاک ڈاؤن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن پورے لاہور میں کرنے کے بجائے صرف مخصوص علاقوں میں ہی لگایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے کاروباری شعبہ پر دباؤ مزید بڑھے گا۔ تاجر اور صنعتکار حکومت کے اس فیصلہ کونہیں مانتے۔ کاروباری لوگوں نے عید کے دنوں میں ہی کمانا ہوتاہے لیکن حکومت نے لاک ڈاون لگادیاہے جبکہ حکومت نے لاک ڈاون لگاتے ہوئے کاروباری برادری کواعتماد میں نہیں لیا۔

 حکومت کو لوگوں کے کاروبار بند کرانے کے بجائے ایس او پیز پر عملدرآمد کروانا چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 4ہزار 113کرونا کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 119افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔