کرونا میں مبتلا بھارتی خاتون پاکستان پہنچ گئیں

فائل فوٹو

بھارت سے پاکستان آنے والی خاتون میں کرونا وائرس کا انکشاف ہوا ہے۔ دفتر خارجہ نے تصدیق کردی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق واہگہ بارڈر کے راستے 12 رکنی بھارتی سفارت کار 22 مئی کو پاکستان پہنچے تھے۔ ان افراد میں سے ایک سفارت کار کی اہلیہ کرونا وائرس میں مبتلا ہیں، جس کی تصدیق کرونا ٹیسٹ سے کی گئی۔

پاکستان نے تمام 12 بھارتی اہل کاروں کو اہل خانہ سمیت قرنطینہ کی مدت پوری کرنے کی ہدایت کر دی۔

پاکستان آنے والے تمام 12 افراد کے ہمراہ کرونا کی منفی رپورٹ تھی، تاہم ایس او پیز کے تحت جب ان کے دوبارہ ٹیسٹ کیے گئے تو خاتون کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ بھارت میں کرونا کی صورت حال کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بھارت میں کرونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ دو کروڑ سڑسٹھ لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

بھارت میں کرونا سے متاثرہ افراد میں بلیک فنگس کے کیسز بڑھنے لگے۔ ماہرین کے مطابق ذیابطیس کے مریضوں کو بلیک فنگس سے زیادہ خطرہ ہے۔

متعلقہ خبریں