کرونا وائرس: پاکستان میں مثبت کیسز کی شرح 9.03 فیصد ہوگئی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بتایا ہے کہ 1 دن میں مزید 108 افراد کرونا وائرس کے باعث  انتقال کرگئے۔ان میں سے 37 مریضوں کا انتقال وینٹیلیٹر پر ہوا۔

جمعرات کو این سی او سی نے بتایا ہے کہ 24  گھنٹوں میں 4 ہزار 198 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.03 فیصد ہے۔وائرس کے باعث سب سے زیادہ پنجاب میں 68 اموات،خیبرپختونخوا میں 31 اموات ہوئیں۔ سندھ 4 ، اسلام آباد 1، بلوچستان 1، آزاد کشمیر میں 3 اموات ہوئیں۔ کرونا سے مجموعی اموات کی تعداد 18 ہزار 537 ہوگئی ہے۔

این سی او سی نےبتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 467 ٹیسٹ کئے گئے۔ ملک میں کرونا کےفعال کیسزکی تعداد84 ہزار 172 ہوگئی ہے۔کرونا وائرس سے صحت یاب ہونےوالوں کی تعداد 7 لاکھ 43 ہزار 124 ہے۔ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ 45 ہزار 833 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ اس وقت ملک کے 631 مختلف اسپتالوں میں 5 ہزار 624 مریض زیرِعلاج ہیں۔مردان میں 59 فیصد، ملتان میں 77 فیصد، لاہور میں 69 فیصد، بہاولپور میں 58 فیصد وینٹیلیٹرز بھرچکے ہیں۔

گوجرانوالہ میں 55 فیصد، پشاور 62 فیصد،سوات میں 57 فیصد اور صوابی میں 67 فیصد آکسیجن بیڈز پر مریض موجود ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان میں گزشتہ روز 1 لاکھ 80 ہزار 985 شہریوں کو ویکسین لگی۔ اب تک 31 لاکھ 50 ہزار 122 شہریوں کو کرونا ویکسین لگ چکی ہے۔

متعلقہ خبریں