کرونا وائرس:24 گھنٹوں میں 1ہزار38 کیسز ریکارڈ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بتایا کہ 1 دن میں 46 افراد کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ ان میں سے 20 مریضوں کا انتقال وینٹیلیٹر پر ہوا۔

بدھ کواین سی او سی نے بتایا کہ  24  گھنٹوں میں 1 ہزار 38 نئے کرونا کیسزرپورٹ ہوئے۔ ملک میں مثبت کرونا کیسز کی شرح  2.46 فیصد ہے۔ کرونا کے باعث سب سے زیادہ پنجاب میں 19 اموات، سندھ میں 17 اموات ریکارڈ کی گئیں۔خیبرپختونخوا میں 6 اموات، آزاد کشمیرمیں1 اور بلوچستان میں 3 مریضوں کا انتقال ہوا۔کرونا سے مجموعی اموات کی تعداد 21 ہزار 828 ہوگئی ہے۔

این سی او سی نےمزید بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 113 ٹیسٹ کئے گئے۔ملک میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد 39 ہزار 905 ہوگئی ہے۔کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 8 لاکھ 82 ہزار 332 ہے۔ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 9 لاکھ 44 ہزار 65 ہوگئی ہے۔

اس وقت ملک کے 639 مختلف اسپتالوں میں 2 ہزار 749 مریض زیرِعلاج ہیں۔ پشاور میں 20 فیصد، ملتان میں 42 فیصد، لاہور میں 23 فیصد،بہاول پور میں 28 فیصد وینٹیلیٹرز بھرچکے ہیں۔

کراچی میں 25 فیصد، ایبٹ آباد میں 32 فیصد، سوات میں 25 فیصد اور گلگت میں 30 فیصد آکسیجن بیڈز پر مریض موجود ہیں۔

اس کے علاوہ معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ 18 سال و زائد عمر والے افراد جو سعودی عرب جانے کے خواہشمند ہیں وہ ضروری دستاویزات دیکھا کر اسٹرازینیکا اور فائزر ویکسین لگواسکیں گے۔

اس سے قبل ایسٹرازینکا ویکسین 40 سال اور زائد عمر کے افراد کو لگائی جارہی تھی۔دوسری جانب پاکستان میں 18 سے 30 سال تک عمر کے افراد کو سائنوویک ویکسین لگائی گئی ہے۔

اس سے قبل ڈاکٹر فیصل سلطان نے ایک ہفتہ قبل فائزر ویکسین ملک کے 15 شہروں میں صرف کمزور قوت مدافعت والے افراد کو لگانے کا اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ سعودی حکام نے ایسٹرازینیکا اور فائزر ویکسین لگوانے والے افراد کو ملک میں سفر کرنے کی اجازت دی ہے۔

متعلقہ خبریں